مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایران کی وزارت خارجہ کی میزبانی میں اقتصادی تعلقات کی رابطہ کمیٹی کا تیرھواں اجلاس منعقد ہوا، جس میں اقتصادی تعاون تنظیم کے دائرہ کار میں تعلقات کے فروغ کے مواقع، چیلنجز اور ان کے حل کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مختلف سرکاری اداروں کے اقتصادی امور کے نائبین نے شرکت کی۔
وزارت خارجہ کے نائب وزیر برائے اقتصادی سفارت کاری قنبری نے اجلاس کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس میں رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران ای سی او کی سرگرمیوں اور اقتصادی تعاون سے متعلق اداروں اور کمیٹیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ رواں سال ای سی او کے ساتھ تجارتی تبادلوں کے موضوع پر وزارتی سطح کے علاوہ مختلف سرکاری اداروں کے عہدیداروں اور ماہرین کی سطح پر بھی متعدد اجلاس منعقد ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل قریب میں پاکستان اور تہران میں وزرائے اور ای سی او کے سربراہان کی سطح پر دو اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔
قنبری نے ای سی او کے رکن ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات میں رسد، راہداریوں اور نقل و حمل کے شعبوں کو خصوصی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ رکن ممالک کے جغرافیائی محل وقوع اور باہمی ہمسائیگی کے باعث بیشتر مواصلاتی راہداریاں اسی خطے میں واقع ہیں۔ ان کے مطابق کثیرالجہتی تعاون سے رکن ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو وسعت دی جاسکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وسطی ایشیا کے پانچ ممالک کے علاوہ افغانستان، پاکستان، ترکیہ، آذربائیجان اور اسلامی جمہوری ایران بھی اس تنظیم کے رکن ہیں اور ایران ای سی او کے دائرہ کار میں ان ممالک کے درمیان رابطے کے ایک اہم واسطے کا کردار ادا کرتا ہے۔
قنبری نے بتایا کہ ای سی او کا سالانہ پروگرام بھی مرتب کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تنظیم کے ساتھ معاملات میں مزید داخلی ہم آہنگی پیدا کرنے کی ضرورت ہے اور اس مقصد کے لیے موجودہ رکاوٹوں اور عدم ہم آہنگی کے اسباب کا درست جائزہ لے کر انہیں دور کرنا ہوگا۔
آپ کا تبصرہ